گجرات میں سپین پلٹ دو پاکستانی بہنوں کا غیرت کے نام پر قتل
پاکستانی پولیس صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں سپین پلٹ دو پاکستانی بہنوں کے قتل کی تفتیش کر رہی ہے جنہیں مبینہ طور پر ’غیرت کے نام‘ پر قتل کیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان میں کئی خواتین کو پسند کی شادی کرنے اور ’خاندان کو بدنام‘ کرنے کے نام پر قتل کر دیا جاتا ہے۔ ایسی خواتین کو اکثر ان کے اپنے رشتہ دار قتل کر دیتے ہیں جو قدیم روایات کے مطابق اپنی خاندانی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی حدود سے باہر نکل کر کام کرتے ہیں۔ صوبہ پنجاب کے مشرقی شہر گجرات کی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ 24 سالہ انیسہ عباس اور 21 سالہ عروج عباس کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے، جو غیرت کے نام پر قتل کے سنگین واقعات کی تازہ ترین کڑی ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’دونوں خواتین اپنے پاکستانی خاوندوں سے علیحدگی کی خواہاں تھیں اور انہیں سپین سے واپس گجرات بلایا گیا تھا جہاں جمعے کی رات انہیں گلا دبا کر اور گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔‘ گجرات پولیس کے ترجمان نعمان حسن کا کہنا تھا کہ ’خاندان نے انہیں چند دنوں کے لیے پاکستان آنے پر راضی کرنے کے لیے ایک کہانی بنائی تھی۔‘ انہوں نے مزید کہا...